لاہور:لاہور میں کمسن بچی سے زیادتی کیس، لاہور کی ایک مقامی عدالت نے 13 سالہ بچی سے زیادتی کے سنگین مقدمے میں دو مجرموں کو سخت سزائیں سنا دیں، جسے انصاف کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سیشن کورٹ لاہور میں ایڈیشنل سیشن جج محمد یاسر عرفات نے فیصلہ سناتے ہوئے مجرم قاری محمد صالم کو عمر قید اور 12 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی، جبکہ دوسرے مجرم عرفان کو 15 سال قید اور 10 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے دونوں مجرموں کو ٹھوس شواہد، متاثرہ بچی کا بیان، گواہان کی شہادتوں اور مثبت فرانزک و میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سزا دی۔
یہ مقدمہ 2023 میں تھانہ یکی گیٹ میں اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا، جس میں پراسیکیوشن نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں افراد نے 13 سالہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر یاسمین کوثر نے کیس کی پیروی کرتے ہوئے 14 اہم گواہان کے بیانات عدالت میں پیش کیے جنہوں نے ملزمان کے خلاف الزامات کو ثابت کیا۔
یہ فیصلہ نہ صرف متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کی ایک امید ہے بلکہ معاشرے میں بچوں کے تحفظ اور قانون کی بالا دستی کا واضح پیغام بھی ہے۔
