0

ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری تنازع پر بالواسطہ مذاکرات، عمان میں اہم پیش رفت متوقع

واشنگٹن: ایران اور امریکہ کے درمیان جاری جوہری کشیدگی ایک نئے موڑ پر پہنچ چکی ہے۔ امریکہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری تنازع کے حوالے سے براہ راست نہیں بلکہ بالواسطہ مذاکرات ہفتے کے روز عمان میں ہوں گے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے مطابق یہ بات چیت عمانی ثالثوں کی مدد سے انجام دی جائے گی۔ مذاکرات میں امریکی خصوصی ایلچی اور ایرانی قیادت کے سینئر نمائندے شریک ہوں گے۔
امریکہ کی جانب سے ایران کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ اسے جوہری ہتھیار تیار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
دوسری جانب ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ کی جانب سے دباؤ اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو وہ اقوام متحدہ کے جوہری ادارے سے مکمل طور پر تعاون ختم کر دے گا، حتیٰ کہ بین الاقوامی جوہری معائنہ کاروں کو بھی ملک سے نکال دیا جائے گا۔
یہ مذاکرات مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت اختیار کر چکے ہیں، جہاں عالمی طاقتیں جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے سخت تحفظات رکھتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں