0

اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی واپسی، پاکستان کی کوالیفکیشن خطرے میں

نیا محاذ –اولمپکس 2028، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے تاریخ رقم کرتے ہوئے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کو دوبارہ شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 1900 کے بعد یہ پہلا موقع ہو گا جب اولمپکس میں کرکٹ کھیلی جائے گی، اور وہ بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں۔
فیصلے کے مطابق، مردوں اور خواتین کی 6، 6 ٹیمیں اولمپکس میں شرکت کریں گی، ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی، اور یوں مرد و خواتین کے لیے 90، 90 کھلاڑیوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے 12 فل ممبرز میں سے رینکنگ کی ٹاپ 6 ٹیمیں اس ایونٹ میں حصہ لینے کی اہل ہوں گی۔ تاہم، پاکستان کو اس حوالے سے شدید چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ موجودہ رینکنگ میں پاکستان مینز ٹیم ساتویں اور ویمنز ٹیم آٹھویں نمبر پر ہے۔ اگر قومی ٹیموں کو اولمپکس میں کھیلنے کا خواب پورا کرنا ہے، تو رینکنگ میں بہتری ناگزیر ہو گئی ہے۔
لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں مجموعی طور پر 11 ہزار 198 ایتھلیٹس شریک ہوں گے۔ ایونٹ میں 36 مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں 351 میڈلز ایونٹس شامل ہوں گے، جن میں سے 161 خواتین، 165 مرد اور 25 مکسڈ ایونٹس ہوں گے۔
کرکٹ کے وینیوز کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم اولمپکس میں اس کی واپسی سے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین میں جوش و خروش کی نئی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں