0

انسٹا گرام پر کم عمر صارفین کے لیے نئی پابندیاں، والدین کی اجازت کے بغیر لائیو براڈ کاسٹ ممکن نہیں

نیامحاذ: انسٹا گرام پر کم عمر صارفین کے لیے نئی پابندیاں،انسٹا گرام اور میٹا کے دیگر پلیٹ فارمز پر کم عمر صارفین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اب 16 سال سے کم عمر افراد اپنے دوستوں کے ساتھ لائیو براڈ کاسٹ نہیں کر سکیں گے جب تک کہ ان کے والدین کی اجازت نہ ہو۔ یہ اقدام میٹا کی جانب سے کم عمر صارفین کو آن لائن تحفظ فراہم کرنے کی ایک نئی کوشش ہے۔
اس نئی پابندی کا اطلاق صرف انسٹا گرام پر ہی نہیں بلکہ میٹا کی دیگر سروسز جیسے فیس بک اور میسنجر پر بھی ہوگا، جہاں والدین اب اپنے بچوں کے اکاؤنٹس کی نگرانی کر سکیں گے۔ میٹا نے اپنے فیملی سینٹر کا آغاز کیا ہے، جس کے ذریعے والدین کو اپنے 16 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس پر مکمل کنٹرول ملے گا۔
میٹا کی پبلک پالیسی کی گلوبل ڈائریکٹر، تارا ہوپکنز نے کہا کہ “یہ تبدیلیاں نوجوانوں کے آن لائن تحفظ کو بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہیں”۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 16 سال سے کم عمر کے 97 فیصد صارفین پہلے ہی ان نئے سیفٹی فیچرز کا حصہ بن چکے ہیں۔
کم عمر صارفین کے لیے خاص طور پر 13 سے 15 سال کی عمر کے بچوں کے اکاؤنٹس پر سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جیسے کہ والدین کی اجازت کے بغیر کوئی بھی تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔ تاہم، 16 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کو کچھ نرمی دی گئی ہے۔
یہ سب کچھ میٹا کے “ٹین اکاؤنٹس” سیٹ اپ کا حصہ ہے، جو گزشتہ سال متعارف کرایا گیا تھا، اور اس کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کے اکاؤنٹس خودکار طور پر پرائیویٹ کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد کم عمر افراد کو والدین کی نگرانی میں سوشل میڈیا کا محفوظ استعمال سکھانا ہے، تاکہ وہ انٹرنیٹ پر اپنی حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں