0

پاکستان اسٹاک مارکیٹ مندی کی ریکارڈ صورتحال، 6153 پوائنٹس کی کمی سے سرمایہ کار پریشان

نیامحاذ: کاروباری ہفتے کے پہلے ہی روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ مندی دیکھی گئی، جس سے سرمایہ کاروں میں شدید بے چینی پھیل گئی ہے۔ 100 انڈیکس میں ابتدا ہی سے تیزی سے کمی واقع ہوئی اور انڈیکس 3297 پوائنٹس گر کر 115,499 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

تاہم یہ مندی یہاں تک محدود نہیں رہی، بلکہ دن کے دوران مندی میں مزید شدت آئی اور 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 6153 پوائنٹس کی کمی ہوئی، جس سے انڈیکس 112,637 پوائنٹس پر آ گیا۔ اس شدید گراوٹ کے بعد مارکیٹ میں کاروبار کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی تھی اور 100 انڈیکس 1800 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 120,793 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا تھا۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر اچانک مندی چھا گئی اور انڈیکس 146 پوائنٹس کی کمی کے بعد 118,791 پر بند ہوا۔

🔻 خلیجی اسٹاک مارکیٹس کی صورتحال بھی خراب
ادھر امریکی ٹیرف پالیسیوں اور تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے باعث سعودی اسٹاک مارکیٹ بھی شدید دباؤ کا شکار ہوئی ہے۔ سعودی مارکیٹ کے بنچ مارک “تاسی انڈیکس” میں 700 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی اور انڈیکس 11,200 پوائنٹس پر بند ہوا۔

سعودی آئل کمپنی “آرمکو” کو شیئرز کی قیمتوں میں کمی کے باعث 340 ارب ریال کا نقصان ہوا، جب کہ سعودی نیشنل بینک سمیت دیگر بڑی کمپنیوں کو بھی نمایاں نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

سعودی میڈیا کے مطابق خلیجی ممالک کی دیگر اسٹاک مارکیٹس جیسے قطر، کویت، مسقط، بحرین اور عمان میں بھی شدید مندی دیکھی گئی۔ کویت مارکیٹ میں 6.6 فیصد، قطر میں 5.5 فیصد، مسقط میں 2.1 فیصد، بحرین میں 2.5 فیصد اور عمان میں 2.6 فیصد کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خلیجی اسٹاک مارکیٹس میں مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ہے، جو خطے میں اقتصادی غیر یقینی صورتحال کی عکاسی کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں