0

عالمی منڈیوں میں تباہ کن مندی، ٹرمپ ٹیرف اور تجارتی جنگ کے خدشات نے سٹاک مارکیٹس کو ہلا کر رکھ دیا

نیامحاذ: دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹس نئے ہفتے کے آغاز پر شدید مندی کا شکار ہو گئیں، جب امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے لگائے گئے اضافی ٹیرف اور ممکنہ عالمی تجارتی جنگ کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو ہلا کر رکھ دیا۔

جاپان کا نکئی انڈیکس 9 فیصد کی بڑی کمی سے نیچے آ گیا، جبکہ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 8 فیصد گر گیا۔
ادھر جنوبی کوریا میں شدید مندی کے خطرے کے پیش نظر اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی۔

آسٹریلوی اسٹاک مارکیٹ میں 160 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، جہاں ٹریڈنگ کے آغاز کے صرف 15 منٹ بعد ہی بینچ مارک S&P انڈیکس 6 فیصد نیچے آ گیا۔

یہ صورتحال صرف ایشیائی مارکیٹس تک محدود نہیں رہی، بلکہ امریکی ٹیرف پالیسیوں اور تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر عرب ممالک کی اسٹاک مارکیٹس پر بھی پڑا۔
سعودی سٹاک مارکیٹ کو 500 ارب ریال کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ قطر، کویت، مسقط، بحرین اور عمان کی مارکیٹس بھی مندی کی لپیٹ میں آ گئیں۔

سعودی میڈیا کے مطابق یہ خلیجی سٹاک مارکیٹوں میں مئی 2020 کے بعد سب سے بڑی کمی ہے، جو خطے میں اقتصادی غیر یقینی صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان سمیت متعدد ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کیے ہیں، جس کے جواب میں کئی ملکوں نے بھی جوابی ٹیرف نافذ کر دیے ہیں، جس سے بین الاقوامی تجارتی تناؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں