0

امریکی عدالت کا ایلون مسک کو یو ایس ایڈ ختم کرنے سے روکنے کا حکم

نیامحاذ: امریکا کی وفاقی عدالت نے ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک کو یو ایس ایڈ کے خاتمے سے روک دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میری لینڈ کی وفاقی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ایلون مسک اور امریکی محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کو یو ایس ایڈ کے خلاف مزید کارروائی سے باز رہنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ اگر حتمی حکمنامہ مدعی کے حق میں آتا ہے تو یو ایس ایڈ کو دوبارہ واشنگٹن میں رونالڈ ریگن عمارت میں اپنے ہیڈکوارٹر کے استعمال کی اجازت دی جائے۔

یہ مقدمہ یو ایس ایڈ کے 24 سے زائد ملازمین کی جانب سے سٹیٹ ڈیموکریسی ڈیفنڈرز گروپ نے دائر کیا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایلون مسک نے غیر معمولی طور پر وفاقی ایجنسیوں پر اثر و رسوخ حاصل کر لیا ہے۔ مدعی کے مطابق امریکی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا اور آئینی طور پر یہ اختیار صرف صدر کے نامزد کردہ اور سینیٹ سے منظور شدہ افسر کے پاس ہونا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ وفاقی جج تھیوڈور کا یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے حکومتی اختیارات محدود کرنے کی کوششوں کے لیے بڑا دھچکہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں