نیامحاذ: بھارت میں حیرت انگیز دھوکا— ریٹائرڈ وائس چانسلر جعلی ہائی کمشنر بن بیٹھا
نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں لالچ اور شہرت کی ہوس نے ایک اور حیرت انگیز دھوکا بازی کو جنم دیا، جہاں ایک ریٹائرڈ وائس چانسلر نے خود کو عمان کا ہائی کمشنر ظاہر کر کے وی آئی پی پروٹوکول انجوائے کرنا شروع کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ڈاکٹر کے ایس رانا نامی شخص، جو جے پور کی یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی، الموڑا کی اترکھنڈ یونیورسٹی اور نینی تال کی کوماں یونیورسٹی جیسے بڑے تعلیمی اداروں میں وائس چانسلر رہ چکا تھا، اگست 2024 میں ریٹائر ہونے کے بعد عمان کا جعلی سفیر بن گیا۔
جعلی سفیر کیسے بنا؟
ڈاکٹر کے ایس رانا پروٹوکول اور ’ہٹو بچو‘ کی صدائیں سننے کا اتنا عادی ہو چکا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وی آئی پی زندگی گزارنے کے لیے عمان کے ہائی کمشنر کا روپ دھار لیا۔ اس نے اپنی لگژری کار پر عمان کا جھنڈا اور سفارتی علامات لگا لیں اور مختلف سرکاری و نجی تقریبات میں بطور ہائی کمشنر شرکت کرنے لگا۔
فراڈ کیسے پکڑا گیا؟
اس حیرت انگیز دھوکے کا پردہ تب فاش ہوا جب ڈاکٹر کے ایس رانا کے سیکرٹری نے غازی آباد کے ایک سینئر پولیس افسر کو خط لکھا کہ عمانی ہائی کمشنر کی آمد پر انہیں پروٹوکول دیا جائے۔
پولیس افسر کو شک ہوا کہ عمان تو دولت مشترکہ (Commonwealth) کا رکن ہی نہیں، تو پھر اس کا ہائی کمشنر کہاں سے آیا؟ مزید تحقیقات کے بعد یہ معمولی سی غلطی ڈاکٹر کے بڑے فراڈ کا پول کھول گئی۔
بھارت میں جعلی وی آئی پیز کا بڑھتا رجحان
یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت میں جعلی سرکاری شخصیات کا انکشاف ہوا ہو۔ ماضی میں بھی مختلف افراد نے جعلی افسر، سیاستدان، فوجی افسر یا سفیر بن کر دھوکہ دہی کی وارداتیں کی ہیں۔