بھارتی اداکارہ رانیا راؤ دبئی سے سونا اسمگل کرتے ہوئے گرفتار، چونکا دینے والے انکشافات
نئی دہلی (نیامحاذ) – بھارتی اداکارہ رانیا راؤ کے خلاف سونا اسمگلنگ کیس میں حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، اداکارہ نے یوٹیوب سے سونا چھپانے کے طریقے سیکھے اور دبئی سے 14 کلو گرام سونا اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی، تاہم ائیرپورٹ پر پکڑی گئیں۔
اسمگلنگ کا پیچیدہ منصوبہ
بھارتی میڈیا کے مطابق، رانیا راؤ کو دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے ٹرمینل 3، گیٹ اے پر ایک نامعلوم شخص نے سونے کی 12 بسکٹس اور کچھ کٹے ہوئے ٹکڑے حوالے کیے۔ اداکارہ نے ائیرپورٹ سے کچھ فاصلے پر ایک دکان سے چپکنے والی ٹیپ خریدی، کیونکہ اسے معلوم تھا کہ ائیرپورٹ پر قینچی دستیاب نہیں ہوگی۔
یوٹیوب سے طریقے سیکھ کر سونا چھپایا
ذرائع کے مطابق، اداکارہ نے یوٹیوب پر سونا چھپانے کے طریقے دیکھے تھے اور اسی کے مطابق اس نے سونے کے بسکٹس کو اپنے جسم، کپڑوں، جوتوں اور جیبوں میں چھپا لیا۔
ائیرپورٹ پر گرفتاری
رانیا راؤ 3 مارچ کو امارات کی پرواز کے ذریعے بنگلورو ائیرپورٹ پہنچیں اور ایک افسر کی مدد سے سیکیورٹی سے گزرنے کی کوشش کی، لیکن ڈی آر آئی (ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس) کے اہلکاروں نے ائیرپورٹ سے باہر نکلنے سے پہلے ہی انہیں روک کر تلاشی لی، جس پر 14 کلو سونا برآمد ہونے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا۔
بار بار دبئی کے مشکوک دورے
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اداکارہ نے گزشتہ چھ ماہ میں 27 مرتبہ دبئی کے سفر کیے، جن میں سے چار دورے صرف 15 دنوں کے اندر کیے گئے۔ ان مشکوک سرگرمیوں کے باعث ڈی آر آئی نے انہیں خصوصی نگرانی میں رکھا، جو بالآخر ان کی گرفتاری کا سبب بنی۔