دبئی(نیامحاذ) دبئی: چیمپئنز ٹرافی 2025 کے فائنل میں بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر بھارتی باؤلرز کی نپی تلی گیند بازی کے باعث کیوی ٹیم 251 رنز تک محدود رہی۔ ڈیرل مچل نے 63 اور راچن رویندرا نے 37 رنز بنا کر نمایاں بیٹنگ کی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ کپتان روہت شرما نے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ شریاس آئر نے 48 اور اکشر پٹیل نے 29 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹاس کے موقع پر کیوی کپتان مچل سینٹنر نے بتایا کہ میٹ ہینری انجری کے باعث فائنل میں شرکت نہیں کر سکے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی ٹیم کسی بھی دباؤ میں بہترین کھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ 25 سال قبل 2000 میں نیروبی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا، لیکن اس بار بھارت نے تاریخ بدل کر میدان مار لیا۔