0

نئی دہلی میں 15 سال سے زائد پرانی گاڑیوں کو پیٹرول دینے پر پابندی

نئی دہلی میں 15 سال پرانی گاڑیوں پر پابندی، یکم اپریل سے پیٹرول نہیں ملے گا

نئی دہلی (نیامحاذ) – اگر آپ کے پاس 15 سال سے پرانی گاڑی ہے تو یکم اپریل کے بعد آپ اسے نئی دہلی کے کسی بھی پیٹرول پمپ سے ایندھن نہیں دلوا سکیں گے۔ بھارتی حکومت نے فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے یہ نیا اقدام اٹھایا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق، بھارتی وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرول پمپس پر جدید آلات نصب کرے گی جو 15 سال پرانی گاڑیوں کو اسکین کرکے انہیں ایندھن فراہم کرنے سے روک دیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو کم کرنا ہے۔

بی جے پی کی زیر قیادت نئی دہلی حکومت پہلے ہی ایک پالیسی نافذ کر چکی ہے جس کے تحت 10 سال سے پرانی ڈیزل گاڑیاں اور 15 سال سے پرانی پیٹرول گاڑیاں سڑکوں پر چلانے کی اجازت نہیں ہے۔ اس پالیسی کو مزید سخت کرنے کے لیے 2021 میں ایک نیا قانون متعارف کرایا گیا تھا، جس کے تحت یکم جنوری 2022 کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کی گاڑیاں ضبط کرکے کباڑ خانے بھیجنے کا حکم دیا گیا تھا۔

نئی دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن (این سی آر) میں یہ قانون پہلے ہی نافذ ہے، لیکن اب اسے مزید سخت کرتے ہوئے 31 مارچ کے بعد پرانی گاڑیوں کو ایندھن کی فراہمی بھی بند کی جا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں