نئی دہلی (نیوزڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے جہانگیر پوری میں جعلی شادیوں کے ذریعے لوگوں سے رقم بٹورنے والے گروہ کو بے نقاب کر دیا گیا، پولیس اہلکار نے خود کو دولہا ظاہر کر کے چالاکی سے اس گروہ کا پردہ فاش کیا، جس کے نتیجے میں 38 سالہ شخص اور اس کی بیوی کو دھر لیا گیا۔پولیس کے مطابق، گرفتار جوڑا شادی کا جھانسہ دے کر لوگوں سے پیسے بٹورتا تھا۔ 2019 میں ایک خاتون نے شکایت درج کرائی تھی کہ ایک جوڑے نے اسے اپنے ریکیٹ میں شامل ہونے کے لیے کہا اور پھر اسے مدہوش کر کے زبردستی ہری اوم نامی شخص سے شادی کرا دی۔آج نیوز کے مطابق تحقیقات کے دوران دین محمد منڈل عرف راہول اور اس کی بیوی کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر لیا، تاہم راہول اور اس کی بیوی فرار ہو گئے اور 2019 میں انہیں عدالت نے اشتہاری مجرم قرار دے دیا۔
0