دہلی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ سٹار سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کا کیس لڑنے کے لیے 2 بھارتی وکیل آپس میں الجھ پڑے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز باندرہ کی عدالت میں کچھ غیر متوقع ہوا۔ اداکار سیف علی خان پر مبینہ طور پر حملہ کرنے والے ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا لیکن اس لمحے کی سنجیدگی اس وقت ٹوٹی جب 2 وکلاء اس بات پر بحث کرنے لگے کہ ملزم کا کیس کون لڑے گا؟ دونوں وکلاء کے درمیان جھگڑا اس قدر بڑھ گیا کہ جج کو کمرۂ عدالت کے اندر آنا پڑا۔ جج نے مشورہ دیا کہ وکلاء 30 سالہ ملزم کی نمائندگی کے لیے ایک ٹیم کے طور پر مل کر کام کریں، بجائے اس بات پر کہ اس کی نمائندگی کون کرے گا۔
پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں ملزم شہزاد کو دوپہر کے وقت باندرہ میں میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ سیف علی خان پر حملہ کرنے والے شخص کو ممبئی پولیس نے اتوار کی صبح تھانے شہر سے گرفتار کیا۔ ملزم کی جانب سے 16 جنوری کو باندرہ میں اداکار سیف علی خان کے گھر میں گھس کر چیزیں چرانے کی کوشش کی اور ان پر حملہ کرنے کا بھی اعتراف کرلیا ہے۔
بھارتی پولیس کی جانب سے سیف علی خان پر حملہ کرنے والے ملزم کا تعلق بنگلادیش سے ظاہر کیا گیا ہے جس کا نام محمد شریف السلام شہزاد بتایا گیا۔ ممبئی پولیس کے بعد ملزم جرم کرنے کے بعد مختلف ناموں کے ساتھ بھیس بدل کر پورے شہر میں گھومتا رہا۔اس سے قبل بھارتی پولیس نے مذکورہ ملزم کی شناخت آکاش کنوجیا کے نام سے کی تھی، جسے چھتیس گڑھ سے ٹرین میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔