0

مذاکرات سنجیدہ لوگوں کے ساتھ کیے ,بانیٔ پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا: گورنر فیصل کریم کنڈی

پشاور ( نیا محاذ )گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مذاکرات سنجیدہ لوگوں کے ساتھ کیے ,بانیٔ پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا۔پشاور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو این آر او نہیں ملے گا، ان کی رہائی کا فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔مذاکرات صرف سنجیدہ لوگوں کے ساتھ کیے ہیں، مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جا سکتا ہے، میں پیپلز پارٹی سے ہوں جو ہمیشہ مذاکرات پر ہی یقین رکھتی ہے۔اللّٰہ تعالیٰ کو بڑے بول پسند نہیں، پہلے یہ کسی پارٹی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہ تھے آج بیٹھ رہے ہیں، آج مذاکرات کے لیے سپیکر کی منتیں کی جا رہی ہیں۔
“جنگ ” کے مطابق گورنر خیبر پختون خوا نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کا بازار گرم ہے، امن نہیں، جو بات میں کہتا ہوں، وزیرِ اعلیٰ وہ کر لیتے ہیں، پی ٹی آئی دہشت گردوں کی سہولت کار ہے، یہ انتشار چاہتے ہیں، اسی لیے اے پی سی میں نہیں آئے۔ میں نے وفاق اور فوج کو کرم کے معاملے پر کہا کیونکہ صوبائی حکومت کچھ نہیں کر رہی، کرم جل رہا ہے، صوبہ جل رہا ہے، صوبائی حکومت کیا کر رہی ہے؟ وفاق سے 5 ارب روپے ملنے پر پولیس کو کیا دیا گیا؟ اس کا جواب ان کے پاس نہیں، گورنر ہاؤس میں بلدیاتی نمائندوں کا اجلاس بلاتا ہوں، صوبائی حکومت اگر کہے تو میں انٹرنیشنل اداروں سے پروگرام شروع کرانے کو کہوں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں