لاہور ( نیا محاذ ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں فضائی آلودگی اور مٹی دھول سے نجات کیلئے چین کی طرز پر جدید طریقہ لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں 1500 تعمیراتی مقامات پر پانی کے چھڑکاو¿ کا نظام نصب کرنے کا حکم دے دیا، یہ مقامی طور پر تیار کردہ ٹیکنالوجی ہے جس پر گزشتہ تین ہفتے سے تجربات جاری تھے۔
انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی نے تجربات کی کامیابی کے بعد اب اسے عملی طور پر لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی اینڈ ڈبلیو اور ایل ڈی اے کو فوری واٹر سپرنکل سسٹم لگانے کی ہدایت کردی۔
اس طریقے کے تحت پانی کو فوارے کے انداز میں اس طرح چلایا جاتا ہے جس سے تعمیراتی مقام پر مٹی نہ اڑے اور گردو غبار پیدا نہ ہو، وزیر اعلیٰ پنجاب نے 15 جنوری تک قذافی سٹیڈیم میں واٹر سپرنکل سسٹم کی تنصیب کا حکم دے دیا۔
فیصلے کے تحت تعمیراتی مقامات کو سبز کپڑے سے ڈھانپنا لازمی ہوگا تاکہ تعمیراتی کام کے دوران سیمنٹ، مٹی اور دھول نہ اڑے۔
فیصلے کے مطابق 10 فروری کے بعد پانی کے چھڑکاو¿ کے طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر مقدمہ درج ہوگا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ واٹر سپرنکلرز اور مسٹ کے اس طریقہ کار سے سموگ کے خاتمے کے مشن میں مزید تیزی اور بہتری آئے گی، ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ 9 ماہ سے فضائی آلودگی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لئے رویوں کی تبدیلی، ہر شہری کا تعاون، جدید مشینری اور طریقوں کا استعمال ضروری ہے۔
0