0

منشیات کے مقدمے میں گرفتار 65 سالہ خاتون کی درخواست ضمانت مسترد

اسلام آباد ( نیا محاذ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے منشیات کے مقدمے میں گرفتار 65 سالہ خاتون کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شاہین اختر کی ضمانت مسترد کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔عدالت نے منشیات کے مقدمے میں گرفتار 65 سالہ خاتون شاہین اختر کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انسداد منشیات عدالت کو کیس کا ٹرائل 8 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ چالان پیش ہو چکا، ٹرائل جلد مکمل ہو سکتا ہے ضمانت مسترد کی جاتی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ اے این ایف کے مطابق خفیہ اطلاع پر مسافر وین کی تلاشی کے دوران ملزمہ سے چرس برآمد ہوئی، ملزمہ کے وکیل نے زیادہ عمر اور خرابیِ صحت کی بنیاد پر ضمانت منظور کرنے کی استدعا کی، وکیل کے مطابق ملزمہ خرابی صحت کے باعث علاج معالجے کیلئے ہسپتال میں داخل ہے، اے این ایف کے سپیشل پراسیکیوٹر نے ملزمہ کی ضمانت کی درخواست کی مخالفت کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق اے این ایف نے ملزمہ سے چرس برآمدگی کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی عدالت میں پیش کی، چرس برآمدگی کے 72 گھنٹے کے اندر کئے گئے کیمیکل جائزے کے نتائج مثبت آئے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمے کا چالان 10 اکتوبر کو متعلقہ عدالت میں جمع کرایا جا چکا ہے، میڈیکل رپورٹس کے مطابق ملزمہ کو کوئی جان لیوا بیماری نہیں ان کا علاج معالجہ جاری ہے، ملزمہ کا علاج دورانِ حراست بھی جاری رکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملزمہ شاہین اختر کو 9 کلو 6 سو گرام چرس پشاور لے جاتے ہوئے
گرفتار کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں