Embed HTML not available.

جنوبی کوریا میں حادثے کا شکار ہونیوالے طیارے کی لینڈنگ اور دیوار سے ٹکرانے کی ویڈیو سامنے آگئی

سیئول (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ لینڈنگ گیئر نہ کھلنے کے باعث رن وے پر پھسلنے کے بعد موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 176 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی تاہم عملے کے 2 ارکان کو بچالیا گیا جبکہ 3 افراد لاپتہ ہیں۔اب حادثے کا شکار ہونیوالے اس طیارے کی لینڈنگ اور دیوار سے ٹکرانے کی ویڈیو سامنے آگئی
جنوبی کوریا کے خبر رساں ادارے یونہاپ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں زندہ بچنے والے عملے کے 2 ارکان کے علاوہ جہاز میں سوار تمام افراد کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ مرچکے ہیں ۔جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے بعد اس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز 7 سی 2216 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے عملے کے 6 ارکان سمیت 181 افراد کو لے کر ملک کے جنوب میں واقع موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کر رہی تھی۔
طیارے کی تباہی کی ویڈیو سامنے آگئی ہے جس میں طیارے کو رن وے پر پھسلنے کے بعد ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکراتے اور آگ کے گولے میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کے لینڈنگ گیئر کھلے ہوئے نہیں تھے۔
فائر فائٹنگ ایجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ طیارے کے دیوار سے ٹکرانے کے بعد مسافرباہر جاگرے۔عہدیدار نے بتایا کہ طیارہ تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور مرنے والوں کی شناخت کرنا مشکل ہے، ہم باقیات کی تلاش کررہے ہیں ،جس میں وقت لگے گا۔

وزارت ٹرانسپورٹیشن کے مطابق مسافروں میں تھائی لینڈ کے دو شہری بھی شامل ہیں جبکہ باقی کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔موان کے فائر چیف لی جنگ ہیون نے کہا کہ تفتیش کار ممکنہ عوامل کے طور پر پرندوں کے ٹکرانے اور موسمی حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، یونہاپ نے ایئرپورٹ کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے لینڈنگ گیئر میں خرابی ہوسکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں