اسلام آباد (ویب ڈیسک) رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے خدشہ ظاہر کیا ہےکہ پیر کے روز 190ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 14سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کو 190ملین پاؤنڈ کیس میں 14سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔شیر افضل مروت نے کہا کہ مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے، ہمارے حقوق متاثر ہوئے ہیں، ہم مطالبات تو کرتے رہے ہیں، مطالبات پر تو آپ پابندی نہیں لگاسکتے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلا مرحلہ ہےکہ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھا جائے، سب سے اہم ہے فریقین کا خلوص دل سے مسائل سے نکلنے کے لیے ٹیبل پر بیٹھنا، حنیف عباسی نے جو زبان استعمال کی وہ انہیں نہیں کرنی چاہیے تھی۔
کچھ پاکستانی کمپنیوں پر امریکی پابندیوں کی حمایت میں پی ٹی آئی امریکا کے ترجمان سجاد برکی کی پوسٹ سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے شیرافضل مروت کا کہنا تھا کہ سجاد برکی پی ٹی آئی کے باضابطہ عہدے دار نہیں ہیں، ہر شخص خود ساختہ ترجمان بن جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سب سے سنگین مسئلہ یہ ہےکہ کسی حکومتی ادارے پر اس طرح کی پابندی لگی، ہم پاکستان کی سالمیت، بقا اور ترقی کے لیے ایک ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کی پابندیوں کو ہٹایا جائے۔