اسلام آباد(نیا محاذ)بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے الیکشن کمیشن پیش نہ کرنے پر وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر نہیں آنے دیا جائے گا، اگر ویڈیو لنک سے حاضری نہیں ہوتی تو کمیشن بانی پی ٹی آئی کو یہاں طلب کرے۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کیخلاف کیسز کی الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی،بانی پی ٹی آئی کو آج بھی ویڈیو لنک کے ذریعےپیش نہ کیا جا سکا،بانی پی ٹی آئی کی پیشی سے متعلق جیل حکام نے یقین دہانی بھی کرائی تھی۔
وکیل نے کہاکہ گزشتہ سماعت پر کمیشن نے بانی کی ویڈیو لنک حاضری کا حکم دیاتھا،ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ کیا ویڈیو لنک حاضری کا بندوبست ہوا؟حکام الیکشن کمیشن نے کہاکہ ہماری طرف سے انتظامات مکمل ہیں،جیل انتظامیہ کی جانب سے ویڈیو لنک فعال نہیں ہوا، ہمارا سٹاف وہاں موجود ہے، جیمرز کی وجہ سے رابطہ نہیں ہورہا،جیل حکام بالکل تعاون نہیں کررہے،فیصل چودھری نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر نہیں آنے دیا جائے گا، اگر ویڈیو لنک سے حاضری نہیں ہوتی تو کمیشن بانی پی ٹی آئی کو یہاں طلب کرے،وکیل الیکشن کمیشن نے کہاکہ کوئی تکنیکی مسئلہ ہو سکتا ہے، پیش نہ کرنا دانستہ نہیں لگتا، ملزم کی حاضری کے بغیر شواہد ریکارڈ نہیں ہوسکتے،وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ اعمال کا دارو مدار نیتوں پر ہے،کمیشن اب جانے دے، کیس کو ڈراپ کر دیں،جیل حکام کے عدم تعاون پر بھی توہین کا کیس بنتا ہے،الیکشن کمیشن نے جیل حکام سے جواب طلب کرلیا،الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 15جنوری تک ملتوی کردی۔