لاہور(نیا محاذ)وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے خلاف ہرجانے کا دعوے پر گواہوں کو تحریری گواہی دینے کی اجازت کے دینے کے خلاف درخواست پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے گواہوں کو تحریری گواہی دینے کی اجازت کے دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس چوہدری محمد اقبال نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔پاناما سکینڈل کے معاملے پر عمران خان نے زبان بند رکھنے کیلئے شہباز شریف پر رشوت کی پیشکش کا الزام لگایا تھا، جس پر شہباز شریف نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعوٰی دائرکر رکھا ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے ہتک عزت کے دعوے میں گواہوں کو تحریری صورت میں گواہی دینے کی اجازت دی، ٹرائل کورٹ کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، گواہ کمرہ عدالت میں پیش ہوکر گواہی دیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
0