لاہور ( نیا محاذ ) پنجاب میں معاشی ترقی اور عالمی شراکت داری کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت،پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس میں چینی کمپنیوں کے ساتھ آئی ٹی، ماحولیات، گرین انرجی اوردیگر ابتدائی معاہدے طے پاگئے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کاوشوں سے چین کی لیڈنگ کیپٹل فرم گوبی پارٹنرز کی طرف سے پنجاب میں 50 ملین ڈالر کے سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا اعلان کیاگیا۔تیانجن کیپٹل انوائرمنٹ پروٹیکشن گروپ اور گورنمنٹ آف پنجاب کے درمیان بھی ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔ایم او یو کا مقصد اربن ڈویلپمنٹ اورانوائرمنٹ مینجمنٹ کے پراجیکٹس کے لئے اشتراک کار کا فروغ ہے۔ایم او یو کے مطابق ویسٹ مینجمنٹ،واٹر ٹریٹمنٹ،انوائرمینٹل مشینری اورلاہورجیسے اربن ایریاز میں آلودگی کے خاتمے جیسے پراجیکٹس کیلئے اشتراک کار کیا جائے گا۔چینی کمپنی سولر این پلس اور حکومت پنجاب کے درمیان سولرٹیکنالوجی کے تبادلے اور فروغ کیلئے ایم او یو پر دستخط بھی ہوگئے۔گوبی پارٹنرز اور بینک آف پنجاب کے درمیان 50ملین ڈالر کے سرمایہ کاری کے فنڈکامعاہدہ طے پاگیا۔گوبی فنڈ ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے وقف ہوگا۔
اعلامیہ کے مطابق معاہدے کا مقصد پنجاب میں اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کے لیے مالیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔گوبی فنڈ سے قرض کی فراہمی، ایکویٹی سرمایہ کاری، مالیاتی حل، اور رہنمائی پروگراموں کے ذریعے کاروبار کی مدد کی جائے گی۔گوبی فنڈ سے پنجاب میں کاروبار کو مضبوط کیا جائے گا اور خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے۔ گوبی فنڈ کا مقصد پنجاب کو ایک پائیدار اور ڈیجیٹل معیشت کی جانب لے جانا ہے۔گوبی فنڈ پنجاب کو ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ میں علاقائی لیڈر بنانے کیلئے وقف ہوگا۔کانفرنس میں پنجاب کی سرمایہ کاروں کیلئے منفرد اقتصادی مراعات پر آگاہی دی گئی۔پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس اعلامیہ کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پنجاب نے علاقائی اور عالمی سطح پرسبقت لی اورباقی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے- ٹیکس چھوٹ، سپیشل انڈسٹریل زونز، اور دیگر سہولتوں کی وجہ سے پنجاب سرمایہ کاری کیلئے مثالی ہے- کانفرنس میں پنجاب حکومت اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان پائیدار اور طویل المدتی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تبادلہ خیال ہوا۔چینی کمپنی پنجاب میں گرین انرجی کو فروغ دینے کے لیے شمسی توانائی کے جدید منصوبوں پر کام کرے گی۔سولر این پلس پنجاب میں سنٹر کے قیام،سٹڈی،کیپسٹی بلڈنگ، جدید سولر ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لئے کام کرے گی۔