لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے ریڈ بال ہیڈ کوچ ٹیم جیسن گلیسپی نے اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے لیکن انہوں نے استعفیٰ کیوں دیا اس سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آگئیں ہیں۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق گزشتہ روز جیسن گلیسپی کے استعفیٰ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے عاقب جاوید کو ریڈ بال کا عبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا تھا، عاقب جاوید وائٹ بال کے بھی عبوری ہیڈ کوچ ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے ریڈ بال ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کی بورڈ کیساتھ سلیکشن کمیٹی کا حصہ برقرار نہ رہنے پر ناراضگی شروع ہوئی، بعد ازاں انہوں نے اپنے مطالبات منظور نہ ہونے پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
جیسن گلیسپی نے سلیکشن کمیٹی کا حصہ برقرار نہ رہنے کے بعد دونوں فارمیٹ کا ہیڈ کوچ بننا چاہا، دونوں فارمیٹ کے کوچ بننے کے ساتھ مزید معاوضے کا بھی مطالبہ کیا۔ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے جیسن گلیسپی کی جانب سے معاوضے میں اضافے کا مطالبے کو ماننے سے انکار کردیا تھا۔
پی سی بی نے جسین گلیسپی کو پاکستان میں زیادہ رہنے کا کہا جس پر بھی وہ رضامند نہیں تھے، گیری کرسٹن نے بھی سیریز کے علاوہ پاکستان رہنے سے انکار کیا تھا۔گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی اپنی پسند کے سپورٹ اسٹاف کا بھی مطالبہ کرتے تھے۔خیال رہے کہ گیری کرسٹن نے بھی دورہ آسٹریلیا سے قبل استعفی دیا جبکہ جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل استعفی دیا۔
واضح رہے کہ جیسن گلیسپی کو آج جنوبی افریقا پہنچ کر پری ٹیسٹ سیریز کیمپ کی نگرانی کرنا تھی۔