0

علی امین گنڈاپور متحرک ، سیاسی قائدین سے ملاقاتیں، سیاسی مفاہمت پر اہم مشاورت

پشاور(نیا محاذ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور ملک میں سیاسی مفاہمت کے فروغ کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی نے موجودہ سیاسی صورت حال میں مفاہمت کے عمل کو موقع دینے کیلئے سیاسی قائدین کیساتھ ملاقاتیں اور رابطے شروع کر دیئے ہیں ۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور سے سابق وفاقی وزیر اور سابق سینیٹر محمد علی درانی نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور سیاسی مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی میدان میں مفاہمت کے عمل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ “جنگ ” کے مطابق وزیر اعلیٰ کے جماعت اسلامی کے سینئر رہنما لیاقت بلوچ اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مرکزی رہنما صفدر عباسی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ ٹیلیفونک گفتگو میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال میں مفاہمت کے عمل کو موقع دینے اور اس سلسلے میں کوششوں کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں