لاہور(نیوز ڈیسک) روس کے صدر پیوٹن نے تیسری عالمی جنگ کا اشارہ دیا ہے ،پاکستان کو کیا کرنا چاہیے ؟ اس حوالے سےصدر لاہور چیمبر آف کامرس نے اہم تجویز دی ہے۔”جنگ ” کے مطابق لاہو رچیمبر آف کامرس کے صدر میاں ابوذر شاد نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے یوکرین کے ساتھ جنگ کے تناظر میں یورپ اور امریکہ کیساتھ ساتھ اسرائیل کو بھی تنبیہہ دیدی ہے جو واضح طور پر تیسری عالمی جنگ کی طرف اشارہ ہے جس پر حکومت پاکستان کو سنجیدگی سے غور کرنا اور بحران کی آمد کا انتظار کرنے کے بجائے ابھی سے منصوبہ بندی کرنی چاہیے کہ اگر ایسا ہوا تو ہمیں اپنی معاشی بقاء کے لیے کیا کرنا ہوگا سیاسی مسائل سڑکوں کی بجائے پارلیمنٹ میں حل کرنا ہونگے ۔ اسرائیل کی پالیسی سے اختلاف کرتے ہوئے پیوٹن نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اس کی طرح دوسرے ممالک کو تباہ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے جیسے اس نے فلسطین اور لبنان میں کیا ہے۔ روس کے نزدیک عالمی سطح پر حملوں کا مقصد دفاعی اقدامات ہونا چاہیے، نہ کہ کسی کے خلاف جارحیت۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس اتنا بڑا ملک ہے کہ دنیا کا کوئی بھی اتحاد اسے تباہ نہیں کر سکتا۔ روس نے ایٹمی حملوں سے بچاؤ کے لیے مکمل حفاظتی انتظامات کر رکھے ہیں، جو دنیا بھر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ روس اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے میں بہت سنجیدہ ہے ۔
0