0

بدعنوانی گھناونا چیلنج، عوام کرپشن کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں: وزیراعظم

اسلام آباد ( نیامحاذ ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدعنوانی گھناونا چیلنج، عوام کرپشن کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کرپشن کے خاتمے کے لئے حکومت کے عزم کو دہرایا اور تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ شفاف اور جوابدہ معاشرے کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔وزیراعظم نے کہا کہ 9 دسمبر کو منایا جانے والا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بدعنوانی کے خلاف عالمی کوششوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس سال کے موضوع “بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونا، کل کی سالمیت کی تشکیل” کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کرپشن کے خاتمے اور شفاف نظام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ بدعنوانی کسی بھی ملک کی معیشت اور سماجی ڈھانچے کے لئے ایک گھناونا چیلنج ہے، یہ قوموں کو ان کی صلاحیتوں سے محروم کر دیتی ہے اور عوام کو مساوی مواقع اور منصفانہ حکمرانی کے فوائد سے محروم رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن کی وجہ سے ترقیاتی وسائل کا صحیح استعمال نہیں ہو پاتا جس سے عدم مساوات بڑھتی ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، اس کا نتیجہ حکومت اور شہریوں کے درمیان اعتماد کے فقدان کی صورت میں نکلتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت کرپشن کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد کے لئے پرعزم ہے، قومی احتساب بیورو (نیب) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں تاکہ عوامی وسائل کی لوٹ مار کا خاتمہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے میڈیا کے فعال کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ شفافیت اور احتساب کے فروغ میں میڈیا کی شمولیت ناگزیر ہے۔انہوں نے اس دن کے موقع پر تمام پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ بدعنوانی کے خلاف مہم میں حکومت کا ساتھ دیں اور ایک ایسے پاکستان کے لیے جدوجہد کریں جہاں قانون کی حکمرانی اور احتساب سب کے لئے یقینی ہو۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آئیے ہم متحد ہو کر ایک ایسا مستقبل بنائیں جہاں عوامی وسائل کو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مو¿ثر طریقے سے استعمال کیا جائے اور ہر شہری انصاف اور دیانت کی بنیاد پر زندگی گزار سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں