لاہور(نیا محاذ)انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان ٹاؤن میں درج جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے ضامن کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے عالیہ حمزہ کے ضامن کو 20 دسمبر کیلئے طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
عدالت نے اہم ریمارکس دیئے کہ ملزمہ عالیہ حمزہ ضمانت کرانے کے بعد پیش نہیں ہو رہیں، کیوں نہ آپ کے ضمانتی مچلکے کی 2 لاکھ کی رقم بحق سرکار ضبط کر لی جائے۔خیال رہے کہ ڈی ایچ اے لاہور کے رہائشی جمیل احمد نے عالیہ حمزہ کی ضمانت دی تھی۔
عدالت کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ شادمان کو ضامن کو 20 دسمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے، نوٹس کے متن میں لکھا گیا کہ اگر پیش نہ ہوا تو عدالت ضامن کی گرفتاری کا حکم دے سکتی ہے۔