0

پیپلز یوتھ آرگنائزیشن دبئی کے زیر اہتمام پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس منایا گیا

دبئی (نیوز ڈیسک) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن دبئی کے زیر اہتمام پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس اور شہدائے پارٹی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کے رہنماؤں، کارکنان، اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں صدر پی وائی او یو اے ای فاروق بانیاں، جنرل سیکریٹری سردار عابد بشارت، سینئر نائب صدر حافظ ارشد محمود اور صدرPYO دبئی یونٹ ملک راشد سمیت دیگر رہنماؤں نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے ملک و قوم کے لیے پارٹی کی خدمات اور قیادت کی قربانیوں کو سراہا گیا۔ مقررین نے آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک یونیورسٹی کی حیثیت رکھنے والے شہید مطلوب انقلابی، سردار غلام صادق مرحوم، اور ملک میر زمان مرحوم کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے دوران مقررین نے پارٹی کے نظریے، بیانیے، اور قربانی کی لازوال داستان پر روشنی ڈالی۔ شہدائے پارٹی کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اصولوں کو مضبوطی سے تھامے رکھا جائے گا۔

یہ تقریب پارٹی کے تاریخی کردار، عوامی جدوجہد، اور قربانیوں کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ نئے ولولے اور جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ایک علامت تھی۔ مقررین نےپار ٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ شہدائے پارٹی کے نظریات کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے عوام کی خدمت اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں