سرگودھا(نیا محاذ) انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی مقدمہ میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی بریت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور ایم این اے احمد چٹھہ عدالت پیش نہ سکے، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچڑ، صنم جاوید ،عالیہ حمزہ اور متعدد کارکنان بھی عدالت پیش نہ ہوئے۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی عدم حاضری کے باعث بریت کی درخواستوں پر سماعت 13 دسمبر تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے مقدمہ سے بریت کی درخواستوں پر سماعت کرنا تھی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کیخلاف میانوالی، کمر مشانی اور عیسیٰ خیل میں 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کرنے اور حساس قومی املاک کو نقصان پہنچانے و توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج ہے۔