کراچی (ویب ڈیسک) بیٹوں نے جائیداد کے لالچ میں ماں کا رسی سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔”ایکسپریس نیوز” کے مطابق اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں 2 سگے بیٹوں نے جائیداد کے لالچ میں اپنی حقیقی ماں کو رسی کی مدد سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اورفرار ہو گئے۔
مومن آباد تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی پریشان چوک کے قریب گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں مقتولہ کی شناخت 40 سالہ عزت پری زوجہ میر زادہ کے نام سے کی گئی۔ایس ایچ او مومن آباد شہبازیوسف کے مطابق مقتولہ 5 بیٹوں اور 3 بیٹیوں کی ماں تھی اور 5 ماہ قبل مقتولہ کے شوہرمیرزادہ کا انتقال ہو گیا تھا۔ جس کے بعد گھرمیں جائیداد کے تنازع پر جھگڑے شروع ہو گئے تھے۔
جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے کے قریب مقتولہ کے سگے بیٹوں خلیل اورمختیار نے اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کو گھر سے باہر بھیجا اوررسی کی مدد سے اپنی ماں کا گلا گھونٹا اور قتل کردیا۔ دونوں بھائی سگی ماں کو قتل کرنے کے بعد موقع سے فرارہو گئے ۔مقتولہ خاتون کا آبائی تعلق کے پی کے سے تھا ۔ پولیس نے جائے وقوع سے خاتون کے قتل میں استعمال کی جانے والی رسی اور دیگر واقعاتی شواہد کی روشنی میں خاتون کے قتل میں ملوث اس کے سگے بیٹوں کی تلاش شروع کردی ہے۔