ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سپر سٹار سلمان خان کے شوٹنگ سیٹ پر ایک شخص کو غیر قانونی طور پر داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق منگل کے روز پیش آئے اس واقعے میں، مشتبہ شخص نے مبینہ طور پر پوچھا، “بشنوئی کو بلاؤں؟” پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے شیواجی پارک پولیس سٹیشن منتقل کر دیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سلمان خان کو پہلے ہی گینگسٹر لارنس بشنوئی اور اس کے ساتھیوں سے مسلسل خطرات کا سامنا ہے۔ بشنوئی گروپ نے سلمان خان کو ان کے 1998 کے کالے ہرن کے شکار کیس کے حوالے سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔پچھلے ماہ، ایک دھمکی آمیز پیغام ممبئی کے ٹریفک کنٹرول روم کو بھیجا گیا تھا، جس میں ایک گانے کا حوالہ دیا گیا جس میں سلمان خان اور بشنوئی دونوں کے نام تھے۔ اس پیغام میں کہا گیا کہ اگر سلمان خان میں ہمت ہے تو وہ اپنے گیت نگار کو بچا کر دکھائیں۔
پولیس نے چند ہفتے پہلے 32 سالہ بھیخا رام عرف وکرم کو کرناٹک کے حویری سے گرفتار کیا تھا، جو سلمان خان کو دی گئی سابقہ دھمکیوں میں ملوث تھا۔ اسے مزید تفتیش کے لیے مہاراشٹرا کی اینٹی ٹیررزم سکواڈ (ATS) کے حوالے کیا گیا تھا۔لارنس بشنوئی نے متعدد بار سلمان خان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں، اور معافی نہ مانگنے پر ان کے والد سلیم خان کو بھی نشانہ بنانے کی بات کی ہے۔