کراچی (ویب ڈیسک) موٹر سائیکل چھیننے والے میاں بیوی کے بعد شہر قائد میں موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث ماں بیٹا سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشنِ معمار پولیس نے موٹرسائیکل لفٹنگ میں ملوث ماں بیٹے سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کےقبضے سے14 موٹرسائیکلز،7 کٹےہوئے چیچسز، 9 انجن اور دیگر چوری شدہ پارٹس برآمد کرلیے۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 10 سالہ موٹرسائیکل لفٹرکو گرفتار کیا، جس کی نشاندہی پرایک خاتون ملزمہ اورمزید ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتارملزمان میں 10 سالہ بچہ شاہ زیب ولد اسد اللہ اور والدہ زینب زوجہ اسد اللہ، حماد ولد غلام سرور، مزمل ولد غلام سرور، رفیق عرف رئیس ولد حاجی خدا بخش اورمحمد انس ولد محمد نعیم شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے 14 موٹرسائیکلز، 7 کٹے ہوئے چیچسز، 9 انجن اور دیگر چوری شدہ پارٹس برآمد کرلیے گئے ہیں۔ گرفتار 10 سالہ ملزم شاہزیب موٹرسائیکلز چوری کرتا جب کہ ملزمان حماد، مزمل اور رفیق چوری شدہ موٹرسائیکلز کو اسٹورکرتے اور کھولتے تھے۔گرفتار ملزمان میں ایک ملزم مکینک ہے جوکہ پرانی موٹرسائیکل کو کھولتا اورساتھی ملزمان انہیں فروخت کرتے ہیں۔ گرفتارخاتون ملزمہ زینب اور ملزم محمد انس نئی چوری شدہ موٹرسائیکلز کو حب بلوچستان لے کر جاتے اور فروخت کرتے تھے۔
ایس ایس پی نے بتایاکہ گرفتار ملزمہ اور ملزم کے مطابق چوری شدہ 70 سی سی موٹرسائیکلز 4 سے 5 ہزار میں خرید کر حب لے جا کر 11 سے 12 ہزار میں فروخت کرتے تھے جب کہ چوری شدہ110 سی سی ، 125 سی سی اور 150 سی سی موٹرسائیکلز 12 سے 15 ہزار میں خرید کر حب لے جا کر 20 سے 25 ہزار میں فروخت کرتے تھے۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمدہونے والےسامان کی مزیدمعلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں ساتھ ہی گرفتار ملزمان سے تفتیش بھی جاری ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے گرفتار ملزمان کو اے وی ایل سی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے موٹر سائیکل اسنیچنگ میں ملوث میاں بیوی کو بھی گرفتار کیا ہے۔ملزم محسن اور اس کی بیوی عظمیٰ کے قبضے سے اسلحہ اورنقدی برآمد کرلی گئی۔