کراچی (نیوزڈیسک) شہر میں فینسی نمبر پلیٹ اور سیاہ شیشے والی گاڑیوں کے خلاف جاری مہم کے دوران پولیس نے شہریوں کو ہتھکڑیاں لگا دیں، ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے مہم کے دوران پولیس کی کارروائیوں میں خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار شہریوں کی ہتھکڑیاں لگی تصاویر جاری کر دیں۔ایکسپریس نیوز کے مطابق شہریوں کی ہتھکڑیاں لگی تصاویر پر شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ قانون کا احترام اور اس کی پاسداری سب پر لازم ہے لیکن شہریوں کی ہتھکڑی لگی تصاویر جاری کرنے کا عمل انتہائی غیر مناسب ہے یہ شہری نہ تو کوئی عادی جرائم پیشہ تھے اور نہ ہی کرمنل ریکارڈ یافتہ تھے۔اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل کی جانب سے شہریوں کی ہتھکڑیاں لگی تصاویر جاری کرنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں گبول فینسی نمبر پلیٹ پر موٹر سائیکل سوار محمد اقبال ولد طالب حسین کے موٹر سائیکل کو قبضہ میں لیکر مقدمہ درج کرلیا، شارع نو جہاں پولیس نے فینسی نمبر پلیٹ کے استعمال پر 3 افراد علی فرحان ، شہریار اور آصف کو گرفتار کر کے 3 گاڑیوں کو قبضے میں لیکر مقدمات درج کرلیے۔لیاقت آباد پولیس نے ہائی جٹ گاڑی کو سیاہ شیشے کرنے پر تحویل میں لیکر شہری سکندر علی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ ایف بی صنعتی ایریا پولیس نے فینسی نمبر پلیٹ اور سیاہ شیشے والی گاڑی کو اپنے قبضے میں لیکر شہری عمران ریاض کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جبکہ نیو کراچی صنعتی ایریا پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ سیاہ شیشے والی کار کو قبضے میں لیکر شہری سفیان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ بلال کالونی پولیس نے دوران اسنیپ چیکنگ سیاہ شیشے والی کار کو قبضے میں لیکر شہری ساجد مئیو کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔
0