اسلام آباد (نیا محاذ) معروف وکیل اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نعیم بخاری کے نام سے بنے ایکس اکاؤنٹ سے ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی کے جوان بیٹے کی موت پر شرمناک ٹوئٹ کی گئی جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا جوان بیٹا شاہزیب کراچی میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا تھا۔ اس وقت رعنا انصار کو بیٹے کی موت کا علم ہوا تب وہ اسلام آباد میں تھیں۔ مختلف سیاسی اور سماجی شخصیات نے رعنا انصار کے جوان بیٹے کی موت پر تعزیت کی۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ایکس پر بنے پی ٹی آئی رہنما اور سینئر ایڈووکیٹ نعیم بخاری کے اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کی گئی۔
انہوں نے ابتدائی جملوں میں شاہزیب کے انتقال کی خبر دی اور پھر ایک شعر لکھا کہ ’جگہ جی لگانے کی دنیا نہیں ہے۔۔۔ یہ عبرت کی جا ہے تماشہ نہیں ہے‘۔
سوشل میڈیا صارفین نے نعیم بخاری کو ٹوئٹ کو ’شرمناک‘ قرار دیا ہے جس میں وہ جوان بیٹے کی موت پر ماں کو دلاسہ دینے کے بجائے شعر کے ذریعے نمک پاش کررہے ہیں۔
آج نیوز کے مطابق ایک خاتون صارف نے لکھا کہ ’تم جو کوئی بھی ہو، ہم سب اپنی زندگی میں کسی پیارے سے ہمیشہ کیلئے بچھڑنے کے درد سے لازمی گزرتے ہیں، یہ درد ہم سب کی زندگی میں آتا ہے۔۔۔ جب تم اس درد سے گزرو تو یہ الفاظ تمہاری تکلیف میں اضافے کا باعث بنیں‘۔ایک صارف نے کہا کہ ’نعیم بخاری اس حادثاتی موت کو آئینی ترامیم اور سیاست سے جوڑ کر انتہائی خباثت اور ذلالت کا مظاہرہ کررہا ہے‘۔