لاہور (نیا محاذ )26 ویں آئینی ترامیم کے معاملے پر مشاورت کے لئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نواز شریف سے ملاقات کے لئے لاہور پہنچ گئے ۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے معاملے پر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سرگرم ہیں اور اب وہ ن لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لئے لاہور پہنچ گئے ہیں۔
نواز شریف آج جاتی امرا میں فضل الرحمان اور بلاول بھٹو کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے جس میں مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اسی حوالے سے گزشتہ روز بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان نے کراچی میں چار گھنٹے طویل ملاقات کے بعد آئینی ترامیم کے مسودے پر اتفاق کر لیا تھا۔
اس ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا تھا کہ کوشش ہو گی آئینی ترامیم پر ن لیگ کے ساتھ بھی اتفاق ہو جائے جبکہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ اتفاق رائے تک پہنچنے میں بلاول بھٹو کا اہم کردار ہے۔
فضل الرحمان نے کہا تھا کہ وہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے سوال کیا تھا کہ آپ کی بلاول سے ملاقات میں آئینی عدالت پر اتفاق ہوا، یا آئینی بینچ پر؟ جس پر مولانا نے سوال گھما دیا اور ہنستے ہوئے بولے کہ بیٹا ہم نے یہ بال دھوپ میں سفید نہیں کئے ہیں۔
0