واشنگٹن (نیا محاذ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سب سے چھوٹی بیٹی ٹفنی کے حاملہ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک تقریب میں تقریر کے دوران بتایا کہ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی ٹفنی حاملہ ہیں۔78 سالہ سابق صدر نے ڈیٹرائٹ اکنامک کلب میں اپنی تقریر کے دوران یہ بات کہی، جب وہ اس بات کا ذکر کر رہے تھے تو اس موقع پر ان کی بیٹی ٹفنی کے سسر مساد بولوس بھی سامعین میں موجود تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی بیٹی کے سسر کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ وہ ٹفنی کے شوہر مائیکل کے والد ہیں، جو ایک بہت ہی شاندار نوجوان ہے اور ٹفنی بھی ایک غیر معمولی خاتون ہے، وہ ایک بچے کی ماں بننے والی ہیں تو یہ ایک اچھی خبر ہے۔سابق امریکی صدر کی 30 سالہ بیٹی ٹفنی کے حاملہ ہونے کی خبر پر وہاں موجود حاضرین نے خوشی کا اظہار کیا۔رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے سے ہی 10 پوتے پوتیاں اور نواسے نواسیاں ہیں، جن میں ان کے بیٹے ڈون جونیئر کے 5، ایرک کے 2، اور ان کی بیٹی ایوانکا کے 3 بچے شامل ہیں۔فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ ٹفنی کے بچے کی پیدائش کب متوقع ہے، انہوں نے نومبر 2022 میں مائیکل بولس سے شادی کی تھی۔