حکومت کی کارکردگی، میرٹ کی خلاف ورزی یا بدعنوانی کے حوالے سے اگر کوئی شکایت ہو گی تو وزی اعلیٰ کی مدد کروں گا۔ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان
پشاور (نیا محاذ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور خیبر پختونخواہ کے سابق گورنر شاہ فرمان نے وزیر اعلیٰ کے سینئر مشیر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ فرمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے سینئر مشیر بنایا، تاہم میں عمران خان کی تشکیل کردہ احتساب کمیٹی کا رکن ہوں، کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے میرا کام صوبائی حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھنا ہے، اس لیے صوبائی حکومت کا حصہ بن کر اچھا محسوس نہیں کر رہا کیوں کہ اس عہدے کی وجہ سے میری ذمہ داریوں پر اثر پڑ سکتا ہے، میں حکومت کی کارکردگی، میرٹ کی خلاف ورزی یا بدعنوانی کے حوالے سے اگر کوئی شکایت ہو گی تو وزی اعلیٰ کی مدد کروں گا۔
چند روز قبل ہی وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے سابق گورنر کے پی شاہ فرمان کو اپنا مشیر بنایا تھا، صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سابق گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کو وزیراعلیٰ نے اپنے لیے سینئر مشیر تعینات کیا، شاہ فرمان وزیراعلیٰ کے سیاسی امور کے لیے سینئر وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں گے، سابق گورنر صوبائی کابینہ کے تمام اجلاسوں میں شرکت کے اہل ہوں گے۔