0

9 مئی مقدمات: عمر ایوب، اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں کو 30 اکتوبر تک پیش ہونے کی ہدایت

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عمر ایوب، اسد عمر سمیت دیگر ملزمان کو 30 اکتوبر تک پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں عمرایوب، اسدعمر اور دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا۔ عمر ایوب ، اسد عمر سمیت 9 ملزمان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی جبکہ علیمہ خان، عظمی خان، حافظ فرحت، اعظم سواتی، بلال اعجاز اور علی امتیاز کی حاضری معافی کی درخواست بھی دائر کی گئی۔درخواست میں کہا گیا کہ اسد عمر اور عمر ایوب طبیعت ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکتے، علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد میں گرفتار ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکتیں، حافظ فرحت عباس کسی رشتہ دار کی فوتگی کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ اعظم خان سواتی اسلام آباد مقدمہ میں گرفتار ہونے باعث پیش نہیں ہو سکتے، بلال اعجاز ایم این اے ڈینگی بخار کے باعث پیش نہیں ہو سکتے، علی امتیاز ایم این اے شدید بخار کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں