پیانگ یانگ (نیا محاذ) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ کا کہنا ہے کہ دشمن کی جانب سے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شمالی کوریا کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یول کی جانب سے شمالی کوریا کو ختم کرنے کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدر یون سوک یول کا بیان بتاتا ہے کہ کون خطے میں امن اور سکون نہیں چاہتا۔
اس سے قبل جنوبی کوریا کے صدر یون سوک یول نے بھی ایک بیان میں اپنے شمالی کورین ہم منصب کو جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ اگر اس طرح کی کوئی حرکت کی گئی تو جنوبی کوریا اور امریکا کی فوج کی جانب سے بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ شمالی کوریا نے دہائیوں سے جوہری ہتھیاروں کا پروگرام شروع کر رکھا ہے اور یہ یقین کیا جاتا ہے کہ اس کے پاس درجنوں جوہری ہتھیار بنانے کا مواد موجود ہے، شمالی کوریا اب تک 6 زیر زمین جوہری تجربے بھی کر چکا ہے۔