0

بلوچستان میں ملٹری آپریشنز کی ضرورت نہیں: سرفراز بگٹی

کوئٹہ ( نیا محاذ) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ملٹری آپریشنز کی ضرورت نہیں۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ جھوٹے پراپیگنڈے کے ذریعے معصوم لوگوں کو ورغلایا جاتا ہے اور نوجوانوں کو ریاست کے سامنے کھڑا کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بلوچ بچیوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کا بندوبست کر رہے ہیں، آپ ان بچیوں کو اٹھا کر جنگ کے ایندھن میں دھکیل رہے ہیں، یہ لوگوں کو مار کر کیسے بلوچستان کی خدمت کر رہے ہیں؟
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پنجگور میں افسوس ناک واقعہ ہوا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، کوئٹہ میں ایک معصوم حجام کو مار دیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا ہے کہ میں اس بیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جس نے یہ احساس کیا کہ وہ غلط راستے پر تھی، والدین کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں