0

تباہ کن سیلاب سے معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا: وزیراعظم کا امریکی مباحثے میں خطاب

واشنگٹن (نیا محاذ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔
امریکا میں دیرپا ترقی سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2022 میں پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے سکول سے باہر ہیں، جنہیں تعلیم کی فراہمی بڑا چیلنج ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے، معاشرے کے محروم طبقے کیلئے پنجاب انڈومنٹ فنڈ کا اجرا کیا۔ تعلیم کے فروغ کیلئے دانش سکول کا قیام عمل میں لایا گیا۔
اقوام متحدہ میں غیر ملکی میڈیا سے گفتگومیں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاکہ بیروت میں حالیہ حملہ جنگ کو وسعت دینے کی ایک چال کے سوا کچھ نہیں جو امن پسند دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سب کو اسرا ئیلی حملے کی مذمت کرنی چاہئے کیونکہ یہ جنگ کو مشرق وسطیٰ سے باہر پھیلانے کے سوا کچھ نہیں، اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوری جنگ بندی اور دو ریاستی حل سے ہی تنازعے کا خاتمہ ممکن ہے اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں بھی شریک ہوئے۔وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس سے ستائیس ستمبر کو خطاب کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں