کراچی(نیا محاذ)پی آئی اے کی دبئی کی پرواز کو اس وقت ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا جب طیارہ 6 منٹ میں 26 ہزار فٹ نیچے آ گیا اور پائلٹ کو ایک گھنٹے تک انتہائی نچلی پرواز کرنا پڑی ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز کو ہنگامی صورتحال مسقط کے قریب پیش آئی، پرواز پی کے 213 رات 2 بج کر 5 منٹ پر کراچی سے دبئی روانہ ہوئی تھی۔ترجمان نے بتایا کہ ایک گھنٹے بعد طیارہ مسقط پہنچا تو ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی پیدا ہوئی اور طیارہ 6 منٹ میں 26 ہزار فٹ نیچے آگیا جس پر پائلٹ نے ایمرجنسی ڈکلیئر کردی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ 10 ہزار فٹ پر آنے پر پائلٹ نے اے ٹی سی مسقط اور ریڈار سے مدد مانگ لی تھی۔ترجمان کے مطابق ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی سے ہنگامی صورتحال پیدا ہوئی تاہم پائلٹ نے پرواز کے دوران اپنی مہارت سے ہائیڈرالک سسٹم کا نقص دور کیا اور ایک گھنٹے کی انتہائی نچلی پرواز کر کے پائلٹ دبئی پہنچنے میں کامیاب ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دبئی ائیر پورٹ پر معائنے کے بعد طیارے کو اگلی پرواز پر روانہ کیا گیا، ائیر بس اے 320 طیارہ دبئی سے اسلام آباد اور پھر اسکردو گیا۔ترجمان نے بتایا کہ انتظامی صورتحال کی وجہ سے پی آئی اے کو طیاروں کے پرزوں کی کمی کا سامنا ہے۔