0

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کنکشن کیمپ، قومی ٹیم میں اتحاد پر زور

لاہور(نیا محاذ)پاکستان کرکٹ بورڈ (نیا محاذ) کی جانب سے کنکشن کیمپ کا انعقاد کیا گیا جہاں ٹیم کی خراب پرفارمنس کے ساتھ مینجمنٹ کی کارکردگی پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ کھلاڑیوں اور مینجمنٹ نے ٹیم میں اتحاد پر زور دیا۔کنکشن کیمپ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ٹیم کا ایک مصروف سیزن ہے اور اس وقت ہم نے مل بیٹھ کر بات چیت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی او او نے کہا کہ پرفارمنس بہتر ہوسکتی ہے، سب اس کو محسوس کر رہے ہیں۔ سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ہم نے کھلے دل سے سب باتیں تسلیم کی ہیں، ہم نے ایک دوسرے سےکمٹمنٹ لی ہے۔ اتحاد کے اوپر سب سے زیادہ بات ہوئی ہے اور اس پر ہم نے کام کرنا ہے۔کرکٹ بورڈ کے سی او او نے کہا کہ اس چیز کی نشاندہی سب نے کی ہے کہ اتحاد پر کام ہونا ہے، سب نے مل کر کام کرنا ہے۔ خراب پرفارمنس کی سب نے بات کی اس میں مینجمنٹ اور ٹیم کی کارکردگی شامل ہے۔سلمان نصیر نے کہا کہ دیگر کھلاڑیوں سے بھی کمیونیکیشن جاری رہے گی، یہ سلسلہ یہاں نہیں رکے گا۔ وقت کم ہے مانتے ہیں لیکن یہ وقت کی ضرورت ہے۔اس موقع پر قومی ٹیم کے وائٹ بال کوچ گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ کنکشن کیمپ بہت شاندار رہا، ہم نے ایک دوسرے کی مدد پر بات کی۔ کنکشن کیمپ کے مقصد کو بڑی حد تک حاصل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب نے کمٹ منٹ دکھائی ہے کہ ہم پاکستان کرکٹ کے فخر کو واپس لائیں گے، سب نے ملک کر ایک بار پھر کمٹ منٹ دکھانے کی بات کی ہے۔گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ بارہ روز سے چیمپئینز ون ڈے کپ دیکھ رہا ہوں، اس ملک میں ٹیلنٹ ہے، مقابلہ دیکھ کر خوشی ہوئی۔قومی ٹیم کے ریڈ بال کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ یہ مل کر بیٹھنے کا شاندار موقع تھا، ہمیں آپس میں کنیکٹ ہونا ہے اور یہ ایک مناسب وقت تھا۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ سب نے کھل کر بات کی جو کہ بہت اچھا لگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں