لاہور(نیا محاذ) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بڑھکیں مارنے والوں کی جلسے میں سیاسی اوقات سامنے آگئی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پورا دن وزیر اعلیٰ کے پی کو ڈھونڈا جا رہا تھا، تمام راستے کھلے تھے اس کے باوجود علی امین گنڈاپور لاہور کیوں نہیں پہنچے؟ اسلام آباد جلسے میں علی امین گنڈا پور نے جس بدتہذیبی کا مظاہرہ کیا اس سے سب آگاہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے 200 ایم این ایز اور ایم پی ایز ہیں، 10، 10 بندے ہی لے آتے، پنجاب اور پاکستان کے عوام نے پی ٹی آئی کی سیاست مسترد کردی ہے، تمام راستے کھلے رہنے کے باوجود جلسے میں 3500 کرسیاں لگائی گئیں، پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا سیل جھوٹی تصویریں لگا رہا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے علی امین گنڈا پور کو لاہور آنے کیلئے بغیر رکاوٹ آنے کی اجازت دی لیکن بڑھکیں مارنے والے علی امین گنڈا پور جلسہ گاہ پہنچنے کے بجائے اسلحہ کے زور پر گاڑیوں کے شیشے توڑ تے رہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ان کی سیاسی اوقات بھی سامنے آگئی، عوام نے انہیں مسترد کردیا، مریم نواز نے سکیورٹی فراہم کی، سیاسی اظہار کی اجازت دی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا صوبہ چلانے کے بجائے احتجاجی سیاست میں مصروف ہیں، علی امین گنڈا پور پنجاب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں کا مقابلہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جیل میں بیٹھا شخص وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کو کہتا ہے جاو¿ پنجاب پر حملہ کرو، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں، جن پر ایک ڈی جے کو اعتماد نہیں،25 کروڑ عوام ان پر کیسے اعتماد کرسکتے ہیں؟
سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا ہے کہ وہ پنجاب، لاہور اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں، ہمیں فساد، انتشار اور ریاست کے خلاف سیاست کو مسترد کرنا پڑے گا، ہمیں کارکردگی اور عوام کو ریلیف کی سیاست کا ساتھ دینا پڑے گا۔
0