کراچی(نیا محاذ) سندھ ہائیکورٹ نے وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالتی حکم کے مطابق اسحاق ڈار کو درخواست میں فریق بنا رہے ہیں، اسحاق ڈار کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کیا جائے۔عدالت نےا ستفسار کیا کہ پرویزالہٰی کی بطور ڈپٹی وزیر اعظم تقرری کا نوٹیفکیشن اور اس سے متعلق عدالتی فیصلہ کہاں ہے؟
جس پر ایڈووکیٹ طارق منصور نے کہا کہ کابینہ ڈویژن کو گزٹ نوٹیفکیشن کے لئے لکھا ہے، دستاویز ملتے ہی عدالت میں پیش کردی جائے گی،لاہور ہائی کورٹ کے فیصلہ کی فراہمی کے لئے بھی درخواست دائر کی ہے۔
اس پر عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ دستاویز سے قبل عدالت نوٹس جاری نہیں کرے گی، بعدازاں عدالت نے درخواست پر مزید سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔