اسلام آباد(نیا محاذ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت اور مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست غیرموثر ہونے پر مسترد کردی، وکیل درخواست گزار نے کہاکہ عدالت کوئی آبزرویشن ہی دے دے جس سے کچھ تحفظ مل سکے ،جسٹس میاں گل حسن نے کہاکہ میرے چیمبر میں آ جائیں تو چائے پر بہت سی آبزرویشنز دے دوں گا۔سما ٹی وی کے مطابق سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت اور مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہاکہ سلمان اکرم راجہ کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں کوئی مقدمہ درج نہیں،سٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے کہاکہ سلمان اکرم راجہ کیخلاف لاہور میں 2مقدمات درج ہیں،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ سماعت کے بعد اسلام آباد میں مقدمہ درج کرکے سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کیا جا سکتا ہے،عدالت یہ حکم کر دے کوئی مقدمہ درج کرنے سے پہلے اطلاع دے دی جائے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ اس کارروائی کے بعد آپ کو اچھا بچہ بن کر رہنا ہوگا، حفاظتی ضمانت دے کر لاہور کی متعلقہ عدالتوں سے رجوع کی ہدایت کر دیتا ہوں، وکیل نے کہاکہ یہ دونوں پرانے مقدمات ہیں اور سلمان اکرم راجہ ان دونوں میں ضمانت پر ہیں۔سٹیٹ کونسل عبدالرحمان نے کہا کہ کوئی تصور نہیں مقدمہ درج کرنےسے پہلے ملزم کو بتایا جائے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ امید کرتے ہیں قانون کی خلاف ورزی ختم ہو جائے،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ عدالت کوئی آبزرویشن ہی دے دے جس سے کچھ تحفظ مل سکے،
جسٹس میاں گل حسن نے کہاکہ میرے چیمبر میں آ جائیں تو چائے پر بہت سی آبزرویشنز دے دوں گا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی درخواست غیرموثر ہونے پر مسترد کردی۔
0