0

قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل، 6 نکاتی ایجنڈے میں آئینی ترامیم کا بل شامل نہیں

اسلام آباد(نیا محاذ) قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اہم اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا، اجلاس اب شام 4 بجے ہوگا، ایجنڈے میں آئینی ترامیم کا بل شامل نہیں۔
نجی ٹی وی چینل”دنیا نیوز” کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے طلب کیا گیا تھا جس کا 6 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا تھا تاہم اب قومی اسمبلی کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے، اجلاس اب ساڑھے 11 بجے کے بجائے شام 4 بجے ہوگا۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے وقت میں تبدیلی سپیشل پارلیمانی کمیٹی کی خصوصی سفارش پر کی گئی۔کمیٹی نے صبح 10 بجے کی میٹنگ کے بعد سپیکر سے کہا اہم امور پر فیصلوں کیلئے وقت درکار ہے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے کمیٹی کی درخواست پر آج کے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اجلاس کے وقت کی تبدیلی کا نوٹس بھی جاری کر دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس کے 6 نکاتی ایجنڈے میں آئینی ترامیم کا بل شامل نہیں، نمبر پورے ہونے پر آئینی ترامیم کا بل سپلیمنٹری ایجنڈے کے طور پر شامل کیا جائے گا، ایجنڈے میں وقفہ سوالات کے علاوہ 2 توجہ دلاؤ نوٹس شامل ہیں۔
صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے خطاب پر اظہار تشکر بھی ایجنڈے میں شامل ہے، اس کے علاوہ اراکین کی جانب سے نقطۂ اعتراضات اٹھانے کا معاملہ بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ارکان کو پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔قومی اسمبلی کے علاوہ سینیٹ کا اجلاس بھی آج شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں