0

سپیکر سے ملاقات طے، تحریک انصاف کےارکان اسمبلی 3 بجے ملیں گے

اسلام آباد (نیا محاذ ) تحریک انصاف کی سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات طے پاگئی۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی 3 بجے سپیکر سے چیمبر میں ملاقات کریں گے، ملاقات میں تحریک انصاف آئینی ترامیم سے متعلق اپنے تحفظات سپیکر کو پیش کرے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 ستمبر کو ہماری میٹنگ ہوئی اور ارکان پارلیمنٹ کو ہدایات جاری کی تھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے اراکین کو انفرادی طور پر بھی ووٹ نہ ڈالنے کا خط جاری کیاہے، پارلیمانی کمیٹی میٹنگ، اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط کی مکمل فائل سپیکر آفس میں جمع کرادی ہے۔
واضح رہے کہ رات گئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں تحریک انصاف کے وفد نے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی، پی ٹی آئی وفد میں بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، عمر ایوب، شبلی فراز،صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے۔
وفد نے مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترمیم کی حمایت نہ کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی، اس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وہ حکومتی تجاویز سے اتفاق نہیں کرتے، اس لئے اپنی تجاویز حکومت کو دے دی ہیں، فرد واحد کی مدت ملازمت میں توسیع کے حق میں نہیں ہوں، اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں