0

آپ کی مرضی کے مطابق چلنا چاہتا ہوں، میری معذرت قبول کرلیں،فواد چودھری نے الیکشن کمیشن سے معافی کی استدعا کردی

اسلام آباد(نیا محاذ)سابق وفاقی وزیر فوادچودھری نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں معافی کی استدعا کردی، کمیشن کے سامنے فوادچودھری نے کہاکہ آپ کی مرضی کے مطابق چلنا چاہتا ہوں، میری معذرت قبول کرلیں۔ نجی ٹی وی چینل جی ونیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں فوادچودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی،ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے سماعت کی، فوادچودھری اپنے وکیل کے ہمراہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،فوادچودھری نے کہاکہ میں نے گزشتہ بار تحریری معافی جمع کرائی تھی، جیسے آپ کیپٹن (ر)صفدر اور جاوید لطیف کو نظرانداز کرتے ہیں ایسے ہمیں بھی کردیں۔فوادچودھری نے الیکشن کمیشن کے سامنے بیان میں کہا ہمیں بھی اپنا سمجھیں،ممبر کمیشن نے فوادچودھری سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ پھر آپ کہتے ہیں بیان پارٹی لائن ہے ،پارٹی لائن میں اداروں کیخلاف تو بیان نہ دیں،آپ نے کہا تھا میرے الفاظ نہیں ہیں،ممبر کمیشن نے کہاکہ آپ کہتے ہیں آپ کے بیان کی سزا بھی کسی اور کو دیں،فوادچودھری نے کہاکہ میں آج بھی یہی کہتا ہوں کہ میں ترجمان تھا،آپ کی مرضی کے مطابق چلنا چاہتا ہوں، میری معذرت قبول کرلیں،ممبر کمیشن نے کہاکہ آپ نے ہمیں جواب جمع کرانا تھا، وہ جواب تو جمع کرائیں پھر ہم دیکھتے ہیں،وکیل فیصل چودھری نے کہاکہ ہمارے کل سیشن کورٹ میں کیسز ہیں، کل کے کیس ڈی لسٹ کردیں،ممبر کمیشن نے کہاکہ آپ کل کیسز میں حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواست جمع کرا دیں،فوادچودھری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 19ستمبر تک ملتوی کردی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں