0

پرویز الٰہی کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست پر حکومت کو نوٹس جاری

لاہور(نیا محاذ)لاہور ہائیکورٹ نے چودھری پرویز الٰہی ، راسخ الہی اور زارا الہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف درخواستوں میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق چودھری پرویز الٰہی ،راسخ الہی اور زارا الہی کانام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے معاملے پرلاہور ہائیکورٹ میں درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس شمس محمود نےچودھری پرویز الٰہی ، راسخ الہی اور زارا الہی کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواستوں میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ ،ایف آئی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی فیملی کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودیہ جانا چاہتے ہیں ،لاہور ہائیکورٹ نے اس سے قبل درخواست گزاروں کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا ،سابق وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور ان کی فیملی کا نام پی سی ایل میں شامل کردیا گیا ہے،ایف آئی اے نے بے بنیاد سیاسی کیسوں کی بنا پر نام پی سی ایل میں ڈلوایا ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت درخواست گزاروں کے نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دے ۔وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھایا،اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہاکہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں ۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اپنے دلائل سے عدالت کو درخواستوں کے ناقابل سماعت ہونے بارے مطمئن نہ کرسکے، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے جواب طلب کرلیا،عدالت نے وفاقی حکومت ، وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں