0

’’شہبازشریف کسی صورت نوازشریف کو وزیراعظم نہیں بننے دے رہے کیونکہ ۔۔‘‘ بیرسٹر سیف کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد (نیا محاز)مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف کسی صورت نواز شریف کو وزیراعظم نہیں بننے دے رہے، شہباز شریف کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شکل میں اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے، آصف زرداری بھائیوں کی لڑائی میں ڈگڈگی بجانے والے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ایک بھائی مفاہمت جبکہ دوسرا بھائی 9 مئی کا راگ الاپ رہا ہے، نواز شریف مفاہمت کی بات کر کے چوتھی بار وزیراعظم بننے کے لیے کوشش کر رہے ہیں، دوسری طرف شہباز شریف اپنے حامی وزراء کے ذریعے 9 مئی پر معافی کے بیانات دلوا رہے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ نواز شریف کو مفاہمت میں جبکہ شہباز شریف کو سیاسی تناؤ میں خیر نظر آ رہی ہے، شہباز شریف کسی صورت نواز شریف کو وزیراعظم نہیں بننے دے رہے، نوازشریف کے سیاسی مفاہمت کے بیانیہ کو شہباز شریف اپنے وزراء کے ذریعے دبا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات کی کوشش ہو رہی ہے، نواز اور شہباز کی دوریاں خاصی بڑھ چکی ہیں، کئی ماہ بعد آپس میں ملے، ملاقات میں شہباز شریف کے چہرے پر کوفت کے تاثرات بالکل واضح تھے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف کو عمران خان کی شکل میں اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے، دونوں بھائی ذاتی اور سیاسی مفاد کی خاطر لڑ رہے ہیں، آصف زرداری بھائیوں کی لڑائی میں ڈگڈگی بجانے والے کا کردار ادا کر رہا ہے۔بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کسی بھی ڈیل پر نہیں صرف عوام کے لیے ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، سابق وزیراعظم نہ مینڈیٹ چوروں سے مذاکرات کرے گا اور نہ ڈیل کرے گا، ڈائیلاگ کا راستہ ہر وقت کھلا رہے گا وہ بھی عوام کے سامنے، مینڈیٹ چوروں کے آخری دن قریب آگئے ہیں اس لیے مذاکرت کے نام پر مزید سانسیں لینے کی کوشش کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں